کچھ یادیں کچھ باتیں
اس ویب سائٹ میں کچھ سفر کی یادیں ہیں اور کچھ میرے دل کی باتیں۔
اپنی پہلی کتاب ”پاؤں کاتل” میں نے اپنے بڑے بھائی ارشد کے نام کی تھی۔ اگر میں لکھاری ہوں تو اس کا سہرا اُنہی کے سر جاتا ہے۔ یہ کتاب میں نے اُن کی سالگرہ کے تحفے کے طورپر لکھی تھی۔ اور اب یہ ویب سائٹ میرے بیٹے خاور کے نام۔ یہ سب اُس کی کاوش کا نتیجہ ہے۔ انٹرنیٹ کی دنیا سے اپنی تحریر کومتعارف کروانا میرا تو صرف خواب تھا۔ اسے حقیقت اُسی نے بنایا۔ اور اردو پڑھنے والوں، لکھنے والوں اور اردو زبان سے محبت کرنے والوں کے نام۔
اگر میری تحریر سے کسی کے لبوں پر مسکراہٹ سج جائے، کسی کے دل میں امید جاگ جائے، اس دکھوں اور مصیبتوں بھری دنیا میں چند گھڑیاں خوشی اور راحت کی گزر جائیں، کسی کی سمجھ میں میری کوئی بات آجائے، کوئی میرے ساتھ ان سب اَن دیکھے راستوں کاسفر کر لے تو میں سمجھوں گی کہ میں نے بھی زندگی میں کچھ پا لیا۔
کتاب کا وقت شاید آہستہ آہستہ ختم ہو رہا ہے۔ اس کی دنیا محدود ہے اور انٹرنیٹ کی دنیا لامحدود۔ ایک پل میں آپ کی بات پوری دنیا میں پھیل جاتی ہے۔ شاید اس طرح زیادہ لوگوں تک میری تحریر پہنچ پائے۔ ایک طرح سے یہ دنیا امر ہے۔ جو کچھ یہاں پہنچ گیا ہمیشہ کے لئے محفوظ ہو گیا۔
ہو سکتا ہے آپ سوچیں کہ اردو کیوں۔انٹرنیٹ کی زبان تو انگریزی ہے۔ تمام دنیا کی زبان انگریزی ہے۔ مگر اردو ہماری زبان ہے۔ اگر ہم اسے زندہ نہیں رکھیں گے تو کون رکھے گا۔
ہمیشہ با خبر رہیے
تمام تازہ مضامين ای میل کے ذریعے براہ راست حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کیجئے






